تنہائی میری سب سے اچھی دوست ہے
میرے ساتھ ہنستی ہے
میرے ساتھ روتی ہے
میں بھوکا ہوتا ہوں تو یہ بھی کھانا نہیں کھاتی
مجھے نیند نہ آئے
تو یہ بھی رات آنکھوں میں کاٹتی ہے
تنہائی میری سب سے اچھی دوست ہے
یہ زود رنج نہیں ہے
گفتگو میں مجھ پہ حاوی ہونے کی کوشش نہیں کرتی
کوئی بات پوچھوں تو سچ بولتی ہے
چھوٹی چھوٹی مالی منفعتوں کے لیے
مجھے چھوڑ کر دوسروں سے ناتا نہیں جوڑتی
میرے ساتھ اچھے وقت کا انتظار کرتی ہے
میرے ساتھ دکھ جھیلتی ہے
تنہائی میری سب سے اچھی دوست ہے
شاعر: طارق ہاشمی