ترقی یافتہ ملکوں میں محنت کشوں کی مسلسل کوششوں سے اجرت پورے دن کی بجائے ایک گھنٹے کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔
جو بائیڈن کے صدر بننے کے بعد امریکا میں بحث ہو رہی ہے کہ فی گھنٹا کم سے کم اجرت 15 ڈالر ہونا چاہیے۔ طے پایا ہے کہ 2025ء تک کم سے کم اجرت 15 ڈالر فی گھنٹا کر دی جائے گی۔
تھوڑی دیر پہلے خبر پڑھی کہ نیوزی لینڈ میں فی گھنٹا کم سے کم اجرت 20 ڈالر کر دی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کا ایک ڈالر امریکا کے 14.11 ڈالروں کے برابر ہے۔
نیوزی لینڈ کا ایک ڈالر 107.75 پاکستانی روپوں کے برابر ہے۔
نیوزی لینڈ میں آج طے کی گئی کم سے کم فی گھنٹہ اجرت (بیس ڈالر) 2153.56 پاکستانی روپوں کے برابر ہے یعنی کوئی پاکستانی نیوزی لینڈ میں ایک گھنٹا کام کرے تو اسے اپنے ایک گھنٹے کے کام کا کم سے کم معاوضہ 2153.56 روپے ملے گا۔
ترقی یافتہ ملکوں میں "ورک ڈے" آٹھ گھنٹوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ نیوزی لینڈ میں بھی ایک "ورک ڈے" آٹھ گھنٹوں کا ہوتا ہے۔ نیوزی لینڈ میں ان آٹھ گھنٹوں کے کام کا کم سے کم معاوضہ 160 ڈالر ہو گا۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم 17,228.52 روپوں کے برابر ہے۔ نیوزی لینڈ میں آٹھ گھنٹے کام کرنے والے فرد کو 160 ڈالر یعنی 17,228.52 روپے لازمی ملیں گے۔
واضح ہو کہ یہ کم سے کم اجرت ہے۔ ہر کام کرنے والے کو اتنی اجرت دینا لازمی ہے لیکن اگر کوئی فرد اپنے کام میں دوسروں سے زیادہ مہارت رکھتا ہو تو وہ 20 ڈالر فی گھنٹا سے بھی زیادہ اجرت لے سکتا ہے۔
امریکا میں آج کل کم سے کم اجرت 7.25 ڈالر فی گھنٹا یعنی 1106.23 روپے ہے جب کہ آٹھ گھنٹوں کے ورک ڈے کی کم سے کم اجرت 58 ڈالر یعنی 8,849.85 روپے ہے۔