Saturday, December 5, 2020

کروں گا کیا جو محبت میں ہو گیا ناکام

بغیر اُس کے اب آرام بھی نہیں آتا 


وہ شخص جس کا مجھے نام بھی نہیں آتا 


اُسی کی شکل مجھے چاند میں نظر آئے 


وہ ماہ رُخ جو لبِ بام بھی نہیں آتا 


کروں گا کیا جو محبت میں ہو گیا ناکام 


مجھے تو اور کوئی کام بھی نہیں آتا 


بٹھا دیا مجھے دریا کے اس کنارے پر 


جدھر حبابِ تہی جام بھی نہیں آتا 


چُرا کے خواب وہ آنکھوں کو رہن رکھتا ہے 


اور اُس کے سر کوئی الزام بھی نہیں آتا  

Thursday, December 3, 2020

پرانی نسل، نئی نسل، مستقبل کے شان دار مواقع

 نفسیات، نیورو سائنس اور معاصر ابلاغی سائنس اور دوسرے بہت سارے پرانے اور نئے علوم کی جو کتابیں، تحقیقی مضامین، ویڈیو لیکچر، سائنسی ویڈیو وغیرہ نیٹ پر بِلا معاوضہ ملتی ہیں، انھیں پڑھ، سن اور دیکھ کر یہ سمجھا ہے کہ جس طرح اشتہارات اور خریداری پر مائل کرنے والے دوسرے مواد سے دنیا بھر کے لوگوں کے ذہنوں کو ایسی چیزیں خریدنے پر بھی تیار کر لیا گیا ہے جن کی انھیں بالکل ضرورت نہیں، اسی طرح آج کل دنیا کے ترقی یافتہ ترین ملکوں کے شہریوں سمیت سب کے ذہن، ذہنیت، سوچنے کا انداز، یقین اور رویے سب کچھ انتہائی کارگر سائنسی طریقوں اور ٹیکنولوجیوں سے بدل کر نئے سانچوں میں ڈھالا جا رہا ہے۔ 


حتیٰ کہ ہزاروں سال سے چلے آنے والے یقین اور رویے تک بدلے جا رہے ہیں۔


روشن اور امید افزا رُخ:

آنے والے سال پوری دنیا میں نوجوانوں کے لیے انتہائی شان دار مواقع لے کر آ رہے ہیں۔


افسوس ہم بڑی عمر کے لوگ سمجھ ہی نہیں سکتے کہ ہمارے بچوں کا مستقبل ہماری نوجوانی کے زمانے سے بالکل مختلف ہو گا۔


ہدیۂ ناچیز:

مہربان دوستو آپ کا ناچیز دوست وسائل بالکل نہ ہونے کے باوجود حقیقت میں دن رات معاصر مفکّرین، سائنس دانوں، سماجی سائنس کے ماہرین، تازہ ترین ناولوں، شاعری، مصوری، موسیقی اور بہت کچھ بامعنی مواد پڑھ، سن اور دیکھ کر ان سب کا حاصل/ نچوڑ آپ کی خدمت میں کامل اخلاص و محبت کے ساتھ پیش کر رہا ہے تاکہ ذہین دوست مستقبل کے شان دار مواقع سے مستفیض ہو سکیں۔


ناچیز ناقابلِ تصور ذاتی مسائل میں پھنسا دیے جانے کے باوجود کوشش کرتا ہے کہ لایعنی چیزیں پوسٹ یا شیئر کر کے اپنا اور دوستوں کا وقت ضائع نہ کرے۔ مجھے یقین ہے کہ دیانت دار و ایثار کیش دوست یہ حقیقت مانیں گے اور زہریلے حاسدوں کے لا انتہا شر سے زندہ در گور اپنے ناچیز دوست کو دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔


اللہ آپ سب پر رحمت فرمائے، آمین۔

Sunday, November 15, 2020

امریکا: "لنگڑی بطخ صدر"

 امریکا میں نیا صدر منتخب ہونے کے بعد جب تک اسے اقتدار و اختیار منتقل نہیں  ہوتا تب تک انتخابات سے پہلے والا صدر ہی ملک کا نظم و نسق سنبھالے رکھتا ہے اور امریکا کے رواج کے مطابق اسے "لنگڑی بطخ صدر" کہا جاتا ہے۔


انگلش میں یہ اصطلاح یوں ہے:

Lame Duck President.

Wednesday, September 2, 2020

اسے کہو کہ بہت نامراد شے ہے جُنُوں

 اسے کہو کہ بہت نامراد شے ہے جُنُوں


اسے کہو کہ مجھے ہے بہت جُنُوں اس کا


یہ شعر بہت مقبول ہے لیکن اکثر لوگوں کو اُس شاعر کا نام معلوم نہیں جس نے یہ شعر کہا تھا۔


یہ شعر معروف شاعر افضال احمد سید نے کہا تھا۔

Sunday, June 21, 2020

ٹیکنولوجیکل ‏تہذیب

ہم یعنی نوعِ انسان "ٹیکنولوجیکل تہذیب" میں داخل ہو رہے ہیں۔

ہم نے مصری تہذیب، بابلی تہذیب،  رومی تہذیب وغیرہ کے بارے میں سنا پڑھا یا فلموں میں دیکھا ہے۔ اس وقت نوعِ انسان سرمایہ دارانہ صنعتی و صارفی مغربی تہذیب سے نکل کر ٹیکنولوجیکل تہذیب میں یں داخل ہو رہی ہے۔

تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ انسانی تہذیب کرۂ ارض کے کسی بھی علاقے یا افراد سے منسوب نہیں ہے۔

Saturday, April 18, 2020

عالم گیر وبا کے بارے میں امریکا کے جاسوس اداروں کی پیشگی وارننگ

کرونا وائرس پھیلنا شروع ہوا تو حسبِ معمول کسی نے فلم، کسی نے کتاب اور کسی نے پرانے پیش گووں کی پیش گوئیوں کے حوالے دے کر اس دہشت ناک معاملے کی سنگینی اور لوگوں کے خوف و اضطراب میں اضافہ کر دیا۔ ماہرینِ نفسیات کے مطابق اس وبا جیسے دہشت ناک اور ناقابلِ فہم واقعات کے بارے میں انسان قدیم زمانوں سے اس طرح کے اندازے لگاتا آیا ہے۔ تاہم امریکی ایسی قیاس آرائیوں کو "کَنس پی رے سی تھیوری" conspiracy theory کہتے ہیں۔ چوں کہ یہاں تفصیل سے لکھنے کی گنجائش نہیں اس لیے اس موضوع پر اپنا حاصلِ مطالعہ الگ مضمون کی صورت اپنے بلاگ پر پبلش کروں گا۔ یہاں ایک اہم بات عرض کرتا چلوں کہ بعض لوگوں نے دوسری بہت سی انگریزی/ امریکی اصطلاحات، الفاظ اور محاورات کی طرح اس اصطلاح کا بھی اردو میں محض لفظی ترجمہ کیا ہوا ہے۔ دوست جانتے ہیں کہ لفظی ترجمے عموماً غلط ہوتے ہیں اور اصل معانی سمجھنے میں بالکل مدد نہیں کرتے۔ اس موضوع پر بھی الگ مضمون اپنے بلاگ پر پبلش کروں گا۔

کووِڈ نائنٹِین کی وبا دنیا بھر میں پھیلنے لگی تو عالمی ادارۂ صحت/ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، گوگل، فیس بک، واٹس ایپ اور دوسری سوشل میڈیا کمپنیوں کے اعلیٰ ترین عہدہ داروں  نے خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا کہ کرونا وائرس کے بارے میں عالمی ادارۂ صحت اور دوسرے مستند اداروں کے سِوا کسی بھی ادارے یا فرد کی تحریر یا آڈیو ویڈیو کلپ انٹرنیٹ پر پھیلانے نہیں دیے جائیں گے۔ راقم نے یہ سٹوری فیس بک پر اپنی ٹائم لائن پر اُسی دن شیئر کی تھی۔ اس کے علاوہ ترقی یافتہ ملکوں کی ہر شعبے کی ویب سائٹ پر کرونا وائرس اور کووِڈ نائنٹِن کے بارے میں مستند معلومات مفت مہیا کرنے کا آغاز کر دیا گیا۔ جو ویب سائٹیں عام حالات میں ایک سٹوری بھی مفت پڑھنے نہیں دیتی تھیں وہ بھی اس وبا سے متعلق معلومات مفت مہیا کرنے لگیں۔

اس سلسلے کا دل چسپ پہلو یہ ہے کہ افواہوں کے ساتھ ساتھ ایسی سنجیدہ سٹوریاں بھی پبلش ہونے لگیں جن میں بتایا گیا تھا کہ اہلِ علم و دانش، تھنک ٹینک یعنی علمی تحقیقی ادارے اور اہم سرکاری ادارے خصوصاََ جاسوس ادارے بھی ایک عالم گیر وبا کے بارے میں بہت پہلے سے خبردار کرتے آ رہے ہیں۔ اس موضوع پر بہت سی کتابیں بھی راقم کی نظر سے گزری ہیں، جن میں سے چند ایک فیس بک پر اپنی ٹائم لائن پر شیئر بھی کی تھیں۔ ان کتابوں میں جو امکانات و خدشات بیان کیے گئے تھے، ان کا خلاصہ بھی الگ مضمون کی صورت اپنے بلاگ پر پبلش کروں گا۔

چند دن پہلے ایک مؤقر امریکی نیوز سائٹ اے بی سی نیوز پر ایک سٹوری چھپی جس میں بتایا گیا تھا کہ امریکا کے ایک جاسوس ادارے "نیشنل سینٹر فار میڈیکل اِنٹَیلی جَینس (این سی ایم آئی)" نے نومبر 2019ء میں امریکا کے صدر ٹرمپ کو رپورٹ پیش کی تھی، جس میں انھیں اطلاع دی گئی تھی کہ جلد ہی ایک عالم گیر وبا پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اس کی تفصیل بیان کرتے ہوئے سٹوری میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کو یہ اطلاعات مسلسل فراہم کی جاتی رہیں حتیٰ کہ جنوری 2020ء کے شروع میں صدر کو جاسوس اداروں کی اطلاعات پر مبنی روزانہ دی جانے والی بریفنگ "پریزیڈینٹس ڈیلی بریف" President's Daily Brief میں تفصیل سے اس مسئلے کے بارے میں بتایا گیا۔


ان تفصیلات کے بعد اے بی سی نیوز کی سٹوری میں این سی ایم آئی کے ڈائریکٹر کرنل رے شین ڈے کا یہ بیان بھی شامل کیا گیا ہے کہ این سی ایم آئی نے نومبر 2019ء میں ایسی کوئی رپورٹ تیار نہیں کی تھی۔ بہ ہر کیف اب تو صرف میڈیا ہی کے لوگ اس نوع کے تردیدی بیانوں کی حقیقت نہیں جانتے بلکہ سوشل میڈیا کے توسط بیش تر لوگ ایسے تردیدی بیانات کی اصلیت سمجھنے لگے ہیں۔


اگرچہ این سی ایم آئی کے ڈائریکٹر نے اس بات کی تردید کی لیکن اس سے پہلے اَیمے زَن ڈَوٹ کَوم نامی دنیا کے سب سے بڑے آن لائن بازار کے مالک اور ڈالروں میں تاریخ کے پہلے کھرب پتی جیف بے زس Jeff Bezos کے ملکیتی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بھی اسی موضوع پر ایک خصوصی سٹوری شائع کی تھی۔ واشنگٹن پوسٹ نے اپنی سٹوری میں خبر دی تھی کہ امریکی جاسوس اداروں نے چین اور دوسرے ملکوں میں کرونا وائرس کے پھیلنے کا مسلسل جائزہ لینے سے حاصل ہونے والی اطلاعات کی روشنی میں صدر ٹرمپ کو جنوری اور فروری میں آگاہ کر دیا تھا کہ یہ وبا امریکا تک بھی پہنچنے والی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ نے عالم گیر وبا کے خدشات پر مبنی ان اطلاعات پر کوئی توجہ نہیں دی۔ برطانیہ کے مؤقر اخبار دی گارڈیئن نے بھی واشنگٹن پوسٹ کی اس سٹوری کی بنیاد پر ایک سٹوری پںلش کی۔


دو دن پہلے "عالمی آراء کا صفحہ" کے مَوٹو کی حامل معروف نیوز سائٹ "پروجیکٹ سنڈیکیٹ" اور یورپی یونین کے ڈی فَیکٹو دارالحکومت برسلز سے شائع ہونے والے اخبار "نیو یورپ" کی سائٹ پر ایک اہم سٹوری شائع ہوئی۔ اسے سی آئی اے کے سابق سینیئر تجزیہ کار اور ڈائریکٹر آف پبلک افیئرز کینٹ ہَیرِنگٹَن نے لکھا تھا، جو نیشنل انٹیلی جینس آفیسر برائے مشرقی ایشیا کے علاوہ ایشیا میں سی آئی اے کے چیف آف سٹیشن کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔


کینٹ ہیرنگٹن نے بھی واشنگٹن پوسٹ اور اے بی سی نیوز کی محولہ بالا سٹوریوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے وبا کے بارے میں پیشگی دی جانے والی خفیہ رپورٹوں پر کوئی توجہ نہیں دی تھی، جس کے نتیجے میں امریکا میں کووِڈ نائنٹِین سے بہت زیادہ ہلاکتیں ہوئیں اور حفظانِ صحت کے نظام پر بہت زیادہ بوجھ پڑا۔


کینٹ ہیرنگٹن نے مزید انکشافات کیے کہ امریکا کے ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جینس نے کانگریس کو دی جانے والی سالانہ "تھریٹ  بریفنگ" میں ایک عالم گیر وبا کے خطرے سے آگاہ کیا تھا۔ انھوں نے مزید انکشاف کرتے ہوئے لکھا کہ جنوری 2009ء میں صدر اوباما کے منصبِ صدارت سنبھالنے کے فوری بعد پہلی مرتبہ اس وقت کے ڈائریکٹر آف انٹیلی جینس ڈینس بلیئر نے سینیٹ سیلیکٹ کمیٹی آن انٹیلی جینس کو پیش کردہ "سالانہ تھریٹ اسیسمینٹ آف دی انٹیلی جینس کمیونٹی" میں خبردار کیا تھا کہ ایک خطرناک وبا امریکا میں پھیلنے کا خدشہ ہے، جس کے بارے میں پختہ امکان ہے کہ یہ وبا انتہائی ہلاکت خیز انفلوئنزا وائرس سے پھیلے گی۔ سوائن فلو کی وبا پھیلنے کے بعد ڈائریکٹر آف انٹیلی جینس ڈینس بلیئر نے 2010ء میں ایک بار پھر ایک ایسی وبا پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جو امریکا کی معیشت کو تباہ کر دے گی۔ انھوں نے کہا تھا، "جانوروں کی بیماریوں پر مستقل نظر رکھنے اور ان کی تشخیص کے فقدان کی وجہ سے" امریکا وبا پھیلنے سے پہلے انھیں روکنے کی اہلیت سے قاصر ہے۔ ان کے بعد ڈائریکٹر آف انٹیلی جینس کا عہدہ سنبھالنے والے جیمز کلیپر نے مارچ 2013ء میں وبا کی درست تفصیل بیان کی تھی۔ انھوں نے جانوروں سے انسانوں کو لگنے والی بیماری کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا، "سانس کی بیماری کا باعث بننے والے اور ایک انسان سے دوسرے انسانوں کو بآسانی متاثر کرنے والے نئے/ ناول جرثومے کا پھیلنا سب سے زیادہ تباہ کن امکانی خطرات میں سے ایک ہے۔" یہ جرثومہ جن انسانوں کو متاثر کرے گا ان میں سے ایک فی صد سے زیادہ ہلاک یا معذور ہو سکتے ہیں۔ "یہ جرثومہ عالم گیر وبا کا باعث بن سکتا ہے۔" کینٹ ہیرنگٹن نے لکھا ہے کہ ڈائریکٹر آف انٹیلی جینس جیمز کلیئر نے کووِڈ نائنٹین کی ٹھیک ٹھیک پیش گوئی کرتے ہوئے صراحت کی تھی، "یہ محض مفروضہ خطرہ نہیں ہے۔"


انھوں نے مزید انکشاف کرتے ہوئے لکھا کہ مئی 2017ء میں صدر ٹرمپ کو بھی ڈائریکٹر آف انٹیلی جینسں ڈینیئل کوٹس نے عالمی بینک کی اس پیش گوئی سے آگاہ کیا تھا کہ ایک وبا پھیلنے کا خدشہ ہے جس سے دنیا کو عالمی جی ڈی پی کے پانچ فی صد کا نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے بعد ڈینیئل کوٹس ہی نے 2019ء میں سینیٹ کو بتایا، "امریکا اور دنیا بھر میں فلو یا کوئی چھوت کی بیماری پھیلنے کا خدشہ ہے، جو بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور معذوری کا سبب بن سکتی ہے اور عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔"


کینٹ ہیرنگٹن لکھتے ہیں کہ ڈائریکٹر آف انٹیلی جینس کا سالانہ جائزہ ہی ایسی واحد غیر خفیہ بریفنگ نہیں تھی جس میں وبا کے خطرے سے خبردار کیا گیا ہو لیکن صدر ٹرمپ نے ان پر توجہ نہیں دی۔

مضمون کے الفاظ کی تعداد پوری ہو رہی ہے۔ یہ بہت اہم اور وسیع موضوع ہے۔ امریکی جاسوس اداروں کی محولہ بالا غیر خفیہ پیش گوئیوں کے مطابق عالم گیر وبا پھیل چکی ہے تو عالمی معیشت، معاشرت، سیاست اور انسانی نفسیات پر اس کے امکانی اثرات کے بارے میں راقم اپنا حاصلِ مطالعہ آئندہ اپنے بلاگ پر مضامین کی صورت پبلش کرتا رہے گا۔

Tuesday, April 14, 2020

Coronavirus Conspiracy Theories, Emerging New World and Our Positive Role

دوستو آپ سب مجھ ناچیز سے زیادہ جانتے ہیں کہ کرونا وائرس کے بارے میں ابتدا ہی سے یہ افواہیں پھیلی ہوئی ہیں کہ اسے سائنس دانوں نے بنایا تھا۔

میں نے بھی امریکا، یورپ کی ویب سائٹوں پر ایسی تحریریں پڑھیں اور ویڈیو کلپ دیکھے جن میں سے بعض میں ہمارے ایک دوست ملک کا نام لے کر "انکشاف" کیا گیا تھا کہ یہ وائرس اس ملک کے سائنس دانوں نے بنایا تھا جب کہ بعض ویڈیو کلپس میں "انکشاف" کیا گیا تھا اسے امریکا کے سائنس دانوں نے بنایا تھا۔

یہاں ضمناً ایک اہم بات عرض کرتا چلوں کہ امریکیوں نے سازش کی افواہوں کے لیے "کَنس پی رے سی تھیوری"  conspiracy theory کی اصطلاح بنائی ہوئی ہے۔ آپ کو حیرت ہو گی کہ ہمارے سارے نام وَر لوگ اس اصطلاح کا غلط اردو ترجمہ لکھتے بولتے ہیں۔

اس ضمنی مگر اہم گزارش کے بعد ہم اپنی بات جاری رکھتے ہیں۔ بے شمار لوگوں نے بعض ملکوں کے وزراء وغیرہ سے منسوب کلپ پوسٹ کیے ہوئے ہیں، جن میں ان کی باتوں کا غلط اردو ترجمہ کیا گیا ہے یعنی وہ شخص انگریزی میں جو بات کہ رہا ہے، افواہ ساز نے اردو میں اس کا ترجمہ غلط کیا ہوا ہے۔

ایسی ویڈیو لاکھوں کی تعداد میں دیکھی اور فَوروَرڈ کی جا رہی ہیں۔

ایک فیس بک فرینڈ نے ایک سرکاری ہدایت نامہ بھی بھیجا۔ اُس ہدایت نامے میں لکھی ہدایات کو بھی اردو میں غلط ترجمہ کر کے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

یہ سب افواہیں پڑھنے دیکھنے، سننے کے باوجود میں نے اس موضوع پر کبھی نہیں لکھا تھا حالاں کہ میں نے امریکا کی اس لیبارٹری تک کے بارے میں پڑھا تھا جس کے بارے میں کولڈ وار کے زمانے سے افواہیں/ کَنسں پی رے سی تھیوریاں پھیلی ہوئی ہیں کہ یہاں وائرس بطور ہتھیار بنائے جاتے ہیں۔ آج تک امریکا کے بعض لوگ بھی یقین رکھتے ہیں کہ ایڈز نیز ایبولا اور دوسرے وائرس اس لیبارٹری میں بنائے گئے تھے اور اب کرونا وائرس بھی اسی لیبارٹری میں بنایا گیا ہے۔

آپ کا ناچیز دوست چاہتا تو دوسروں سے زیادہ سنسنی خیز پوسٹیں لکھ کر یا ویڈیو بنا کر خوب لائیکس لے سکتا تھا لیکن ہمیشہ کی طرح آپ کے دوست نے ایسا منفی عمل نہ کرنے کا شعوری فیصلہ کِیا۔

پھر ضمناً عرض ہے کہ پاکستان کے ایک سابق اعلیٰ ترین سفارت کار اور ایک بڑے میڈیا گروپ کے مالک دولت مند خاندان کے دولت مند فرد کی ایک افواہی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہوئی۔ ہنسی آ رہی ہے کہ اس بے چارے سفارت کار امیر شخص کو مزید احمق بنانے والے رشتہ دار یا دوست یا ملازم کے پاس مواد ہی نہیں تھا، اسے جو مواد دیا گیا وہ انتہائی مضحکہ خیز تھا، جسے اس اعلیٰ ترین سفارتی منصب پر فائز رہنے والے امیر آدمی نے مضحکہ خیز انداز ہی میں ویڈیو بنا کر عام بھی کر دیا۔

اگر لوگوں کے پاس دنیا کی سب سے قیمتی چیز یعنی وقت، جو دراصل زندگی کا دوسرا نام ہے، فالتو ہے تو ان کا پورا حق ہے کہ کرونا وائرس اور اس سے ہونے والی بیماری کووِڈ نائنٹِین کے حوالے سے افواہوں conspiracy theories پر اسے ضائع کرتے رہیں۔ اپنے باشعور دوستوں سے ناچیز کی گزارش ہے کہ جو طبعاً پڑھ کر سیکھنے والے ہیں وہ فیس بک ہی پر مفت دست یاب اچھے مضامین اور اچھی کتابیں پڑھ کر ان سے سیکھی ہوئی اچھی باتیں عام کریں۔ جو لوگ طبعاً ویڈیو اور فلمیں وغیرہ دیکھ کر سیکھنے والے ہیں وہ مثبت موضوعات پر مثبت انداز سے بنائی گئیں ویڈیو اور فلمیں دیکھ کر ان سے حاصل کردہ مثبت سبق دوسروں تک پہنچائیں۔

ہم خوش نصیب ہیں کہ دنیا کو بنیاد سے تبدیل ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ کتنا اچھا ہو کہ ہم افواہیں/ کنس پی رے سی تھیوریز عام کرنے میں وقت یعنی زندگی ضائع کرنے کی بجائے دنیا کی تبدیلی میں اپنا کردار مثبت انداز سے ادا کرتے ہوئے اپنے اپنے قریبی حلقے یعنی گلی محلے، خاندان برادری، قبیلے، گوٹھ گاؤں میں چھوٹے چھوٹے مثبت کام کریں۔

Tuesday, February 4, 2020

موبائل فون پر اردو میں بول کر ٹائپنگ کرنے کا طریقہ

موبائل فون پر میسیج، کومینٹ یا پوسٹ اردو میں بول کر ٹائپ کرنے کا طریقہ یہ ہے۔

اپنے اینڈرائیڈ فون میں پلے سٹور سے گوگل جی بورڈ انسٹال کیجیے۔ یہ ہدایت ان لوگوں کے لیے ہے جنھوں نے گوگل جی بورڈ پہلے سے انسٹال نہیں کیا ہوا ہو۔

فون کی سیٹنگ میں گوگل جی بورڈ کو "ڈیفالٹ کی بورڈ" سیٹ کیجیے۔

فون سیٹنگ ہی میں "کی بورڈ اور اِن پُٹ میتھڈ" Keyboard and Input Method کو کلک کیجیے۔

یہاں "گوگل جی بورڈ" کی سیٹنگ میں جا کر "ملٹی لِنگُواَل ٹائپنگ" Multi Ligual Typing کے آپشن میں پہلے سے موجود انگلش زبان کے ساتھ اردو شامل کیجیے۔

گوگل جی بورڈ کی سیٹنگ میں "وائس ٹائپنگ" کا آپشن ہوتا ہے۔ اسے کلک کر کے وائس ٹائپنگ کی سہولت آن کر لیجیے۔

فون سیٹنگ میں "گوگل وائس ٹائپنگ" Google Voice Typing لکھا ہوتا ہے۔ اسے کلک کیجیے اور پہلے سے موجود انگلش کے ساتھ اردو شامل کر دیجیے۔

وائس ٹائپنگ آپشن میں بلیو ٹوتھ اور تار والے ہیڈفون کے ذریعے ٹائپنگ کی سہولت آن کرنے کا آپشن بھی ہوتا ہے۔ اِنھیں آن کر دیجیے تاکہ جب بلیو ٹوتھ ہیڈفون یا تار والا ہیڈفون لگایا ہو تب بھی بول کر ٹائپ کی جا سکے۔

آپ نے جب بھی کچھ لکھنا ہو تو کی بورڈ کے اوپر والی پَٹّی پر موجود مائیک کے آئیکن کو کلک کر کے صاف آواز میں مناسب رفتار سے اردو میں بول کر ٹائپنگ کر سکیں گے۔

یاد رہے وائس ٹائپنگ کرتے ہوئے کسی بھی زبان میں بولتے ہوئے بولنے میں زیادہ وقفہ ہو جائے تو مائیک کے آئیکن کو دوبارہ کلک کرنا پڑتا ہے، اس لیے مناسب رفتار سے صاف آواز میں بولنا جاری رکھیے۔ اس طرح مائیک آف نہیں ہو گا اور جی بورڈ آپ کے بولے ہوئے لفظ ٹائپ کرتا چلا جائے گا۔

ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ پانچ موبائل فونوں پر استعمال کرنے کا طریقہ How to Use A WhatsApp Account on multiple Mobile Phones

 You can now use the same WhatsApp account on multiple phones at the same time, using your primary phone to link up to four devices. You’ll ...